• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیول چیف ہاکی ٹورنامنٹ، نیوی نے کسٹمز پر ہاتھ صاف کرلیا،آٹھ گول سے کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلے چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچوں میں پاکستان نیوی نے پاکستان کسٹمز کے کھلاڑیوں کو تگنی ناچ نچادیا اور ہاتھ صاف کرتے ہوئے آٹھ گول سے مات دے کر کسٹمز کے کھلاڑیوں کی مہارت کو ضبط کرلیا، حریف ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔ دوسرے میچ میں این بی پی نے سوئی سدرن گیس کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ سے قبل ہونے والی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان کوچ اور چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین اور ٹرپل اولمپئن افتخار سید بھی ان کے ساتھ تھے۔ دوسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں این بی پی نے سوئی سدرن گیس کو3-1سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے تجربہ کار فاروڈ محمد دلبر نے 14اور53منٹ میں دو خوبصورت فیلڈ گول اسکور کئے، نیشنل بنک کی جانب سے 52ویں منٹ میں عامر نے بھی فیلڈ گول بنایا، فاتح ٹیم حاصل ہونے والے دونوں پنالٹی کارنر سے فائدہ نہیں اٹھاسکی، جبکہ سوئی سدرن گیس کی جانب سے واحد گول کھیل کے آخری کوارٹر میں میچ کے57ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر عتیق ارشد نے اسکور کیا۔ اس ٹیم نے چار میں سے ایک پر گول بنایا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نیوی کے ہاتھوں پاکستان کسٹمز کی نئی ٹیم اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 8گول کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، ناکام ٹیم کوئی گول نہیں بناسکی، اس میچ میں نیوی کے کھلاڑیوں نے گیند پر کنٹرول، ڈاجنگ اور دلکش پاسنگ کا بہترین مظاہرہ کیا۔ کھیل کے پہلے ہی منٹ میں اسد عزیز نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا11اور15ویں منٹ میں محمد آصف نے دو گول داغے، محسن صابر بھی20اور49ویں منٹ میں دو مرتبہ گیند کو جال کی سیر کرائی،25ویں منٹ میں محمد صابر50ویں منٹ میں آصف علی اور53ویں منٹ میں بابر حسین نے اپنی ٹیم کی جانب سے مزید ایک، ایک گول بنائے، نیوی کے اسکور میں سات فیلڈ گول شامل ہیں۔ جمعے کو آ رام کا دن ہے۔
تازہ ترین