کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی ملک میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے تاکہ پاکستان ہاکی کا سنہری دور واپس آ سکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہاکی کلب میں پہلے چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹور نامنٹ کی افتتاحی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے پیش پیش رہی ہے ہاکی ٹورنامنٹ بھی ان ہی کوششوں کی کڑی ہے۔ ہاکی میں میدان کے اندر اور باہر مکمل لگن اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں اچھے نتائج کے لئے درست منصوبہ بندی اورکھلاڑیوں کے لئے جدید تربیت، بہتر تیکنیک اور مثبت اقدامت درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل میں قوم کی خواہش کے مطابق نتائج کے حصول کے لئے وفاقی اور صوبائی، مقامی حکومتوں ، سرکاری اور نجی اداروں کو بھی آگے آ ناہوگا، انہوں نے ٹور نامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں پی ایچ ایف کے تعاون کو بھی سراہا۔