سرگودھا،ساہی وال(نمائندہ جنگ ،نامہ نگاران) مسلم لیگ (ن) ضلع سرگودھا کامشاورتی اجلاس ضلعی صدر چوہدری شا ہ نواز رانجھا کی زیرصدارت ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا ، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، سردار شفقت حیات خان بلوچ، سردار بہادر عباس میکن، رانا منور غوث ، فیصل فاروق چیمہ ، میاں مناظر علی رانجھا ، صاحبزادہ نورالقمر سیالوی ،چیئر مین زکوٰۃ وعشر کمیٹی رائے حامد رضا بھٹی ، وائس چیئر مین ڈسٹرکٹ کونسل رائے سرفراز احمد بھٹی ، ملک رب نواز فروکہ و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلع کی موجودہ سیاسی صورتحال ،آئندہ کی حکمت عملی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔شاہ نواز رانجھا نےاپنے خطاب میں کہا کہ تمام اراکین اسمبلی مسلم لیگ (ن)کے پرچم تلے متحد اور پارٹی قیادت کے فیصلوں کے پابند ہیں ۔ ضلع بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف بہت جلد اپنے انتخابی حلقہ کا دورہ کریں گے اور میگا پراجیکٹس کا افتتاح کریں گے جبکہ ساہیوال میں جلسہ عام کا انعقاد بھی متوقع ہے جبکہ لیگی کارکنان کے کنونشن منعقد کرنےکیلئے شیڈول مرتب کیا جارہا ہے ۔ بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی ضلع بھر میں کلین سویپ کریں گے۔ اس موقع پر تمام ممبران اسمبلی نے قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔