اسلام آباد(طارق بٹ)شائستہ اور دوستانہ مزاج کے باعث قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلیٰ افسران کو الیکٹورل ریفار مزکمیٹی کے بائیکاٹ کے خاتمے پر قائل کرلیا لیکن ایک اہم سوال باقی ہے کہ کیا وہ مظاہرے پر آمادہ کرنے والے افراد کا خیال رکھ سکیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 4روز قبل خبر دار کیا گیا تھا کہ انتخابی اصلاحات کےلئے وقت ختم ہورہا ہے، کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی فوری ضرورت ہے، دوسری صورت میں موقع سے فائدہ اٹھانے میں دیر کی گئی تو تمام کام بے نتیجہ ثابت ہوگا۔ دی نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکر نے الیکشن کمیشن آف پا کستا ن کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کمیٹی اجلاس میں شرکت کرنے والے سینئر افسران بشمول سیکریٹری کو کسی ممبر کی جانب سےسنگین الزامات کا ہدف نہیں بنایاجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران کی موجودگی کے بغیر کمیٹی کا کام پیچیدہ ہوجاتا ہے کیوں کہ زیادہ تر اصلاحات کو الیکٹورل کمیشن کی جانب سے عملی طور پر نافذ کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں بہتری جس پر کمیٹی کام کر رہی ہے اسی صورت میں قابل قدر اور بامعنی ہوسکتی ہے جب الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی ان سے اتفاق رکھتا ہو۔