کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں غلام قادر مری و دیگر کی بازیابی کے لیے آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔پیر کو اسماعیل مری کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں وفاقی وزرات داخلہ، ہوم سیکرٹری ، آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کا بھائی غلام قادر مری،نواب لغاری اور اشفاق لغاری شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے لیے لاڑکانہ گئے تھے تاہم واپسی پر مختلف مقامات سے انہیں حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا گیا،جبکہ مذکورہ افراد پولیس یا کسی بھی قانون نافذ کرنیوالے ادارے کو مطلوب نہیں تھے، اگر وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے، عدالت کو بتائے بغیر کسی بھی شخص کو حراست میں رکھنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی صریح خلاف ورزی ہے لہذااستدعا ہے کہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور مذکور افراد کو بازیاب کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔