بھارتی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن کوسزائے موت سنائے جانےپر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت جاسوسوں کو ایسی ہی سزائیں ملتی ہیں جو کلبھوشن کو ملی۔حکومت کو دنیا کو بتانا چاہیے کہ پاکستان نے جو کام کیا وہ قانونی و آئینی طور پر کیا۔
ن لیگ کے رہنما طلال چودھری نے بھی دو ٹوک موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سزا کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، آئندہ بھی ایسے مجرموں کو سزا دیں گے۔ بھارت خطے کی با لادستی کی بات ذہن سے نکال دے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ملک دشمنوں کو اس طرح کی سزا دی جاتی ہے، ملکی سلامتی کا معاملہ ہے، آئندہ بھی ایسی سزائیں دیں گے۔
کلبھوشن کی سزا کے معاملے پر اے این پی کے رہنما زاہد خان نے بھی ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جس ملک میں جرم ہو وہاں کے قانون کے مطابق سزا دینا حق ہے۔
سیاسی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن نےکئی گھراجاڑے، اس پرجرم ثابت ہوا، اس کو ایک نہیں ہزار بار پھانسی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کوئی قدم اٹھایا تو عوام بھرپور تیاری سے جواب دےگی۔