• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ حملہ، وزیراعظم کی سویلین اور ملٹری انٹیلی جنس حکام کو درجن بھر فون کالز

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم نواز شریف ایجنسیوں کے سربراہان اور اعلیٰ عہدیداروں کےساتھ مستقل رابطے میں ہیں اور ان سے چارسدہ حملے کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے خیبرپختونخوا کے گورنر اور ملٹری و سویلین انٹیلی جنس ایجنسیوں کے عہدیداروں کو درجن بھر فون کالز کیں۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے حکام سے کہا ہے کہ وہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ممکنہ طور پر زد پذیر اہداف کی سیکورٹی کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔ وزیراعظم نے صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزرا پرویز رشید، عبدا لقا د ر بلوچ اور بلیغ الرحمٰن سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردوں کی جھنجلاہٹ اور کمزوری کی عکاس ہیں۔ وزیراعظم نے صورتحال پر آرمی چیف سے بھی رابطہ کیا۔ آرمی چیف نے حملے میں ملوث افراد کی تلاش، شناخت اور ان کے خاتمے کے حوالے سے افغان قیادت سے بھی رابطہ کیا اور مدد طلب کی۔ اسی دوران سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جمع عالمی رہنمائوں نے چارسدہ حملے پر وزیراعظم سے افسوس کا اظہار اور دہشت گردی کی مذمت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔
تازہ ترین