• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناماکیس کا فیصلہ نہ آنے سے شکوک بڑھ رہے ہیں،سراج الحق

ملتان (نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ آنے میں تاخیر سے شکوک شبہات میں بڑھ رہے ہیں،سیاسی جماعتوں میں کچھ ایسے بھارت نواز بھی موجود ہیں جو کلبھوشن کو دودھ پلانا اور شہد کھلاناچاہتے ہیں مجرموں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک ہی ہوناچاہیے، بے حس اور کرپٹ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو جدید دور میں بھی قبل مسیح کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیاہے ۔ عوام کے چہروں پر مایوسی اور آنکھوں میں غصے کا خاموش آتش فشاں ہے۔ جس دن یہ آتش فشاں پھٹ پڑا بہت سارے لوگوں کے عالیشان بنگلے اور محل زد میں آ جائیں گے ۔ جنوبی پنجاب کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی عملی جدوجہد کرے گی ۔ صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے ان پر کوئی احسان نہیں ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بار بار حکومتوں کے باجود جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے وسائل کو ہڑپ کیا مگر قومی خزانے سے ان کو کوئی حصہ نہیں ملا ۔ جنوبی پنجاب سے منتخب ہونے والے نام نہاد عوامی نمائندوں نے اپنے لیے لاہور اور اسلام آباد میں عالی شان بنگلے تعمیر کیے ،اپنا مال بناتے اور چھپاتے رہے مگر عوام کو ان کے حقوق دلانے کی بات نہیں کی ۔ اب وقت آگیاہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام خوشحال اور اسلامی پاکستان کی تحریک میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ میں وعدہ کرتاہوں کہ اگر جنوبی پنجاب کے لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا تو صوبہ بہاولپور کے قیام کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع دارالعلوم ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور چوہدری عزیر لطیف بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملکی اقتدار پر قابض حکمرانوں نے 70 سال سے عوام کو یرغمال بنارکھاہے ۔ یہ وہی لوگ ہیں جو ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلاموں کی اولاد ہیں ۔ ان لوگو ں نے ملت کے ساتھ بے وفائی اور غداری کے عوض بڑی بڑی جاگیریں حاصل کیں اور پھر اپنی حرام کی دولت کے بل بوتے پر جمہوریت ، سیاست اور قومی اداروں پر قبضہ کر کے عوام کے حقوق غصب کیے ۔ ان کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ مالی ، اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث مقتدر طبقے نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا اور ایک قوم کی شناخت کو پامال کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم پر مسلط لیڈرز در اصل لیڈر نہیں ڈیلرز ہیں جو ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات پر قومی مفادات کا سودا کرتے ہیں ۔ مسلم لیگ کی حکومت سو فیصد ناکام ہوچکی ہے جو اپنے چار سالہ دور میں بار بار دعوئوں کے باوجود لوڈشیڈنگ تک ختم نہیں کر سکی ۔ موجودہ نظام میں مزدوروں کی مزدوری اور کسانو کی محنت چوری کر لی جاتی ہے مگرہم 2018 ء کا الیکشن حکمرانوں کو چوری کرنے کا موقع نہیں دیں گے ۔ 2018 ء کے انتخابات اصلاحات کے بغیر الیکشن برائے الیکشن اور اسمبلیوں کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا اصطبل بنانے کے مترادف ہوں گے ۔ کلبھوشن کے متعلق ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مجرموں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک ہی ہوناچاہیے ۔ سیاسی جماعتوں میں کچھ ایسے بھارت نواز بھی موجود ہیں جو کلبھوشن کو دودھ پلانا اور شہد کھلاناچاہتے ہیں ۔
تازہ ترین