راولپنڈی /ملتان (ایجنسیاں)ڈیرہ غازی خان میں آپریشن رد الفساد کے تحت پنجاب رینجرز ٗ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں انتہائی خطرناک دہشتگردوں سمیت 10دہشتگرد مارے گئے جبکہ رینجرز کے حوالدار سمیت 4جوان شہید اورایک زخمی ہوگیا ‘شہداءکی نمازجنازہ ملتان میں اداکردی گئی جس کے بعد میتیں ان کے آبائی علاقوں کوروانہ کردی گئیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب ٗ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور کائونٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا‘بیان کے مطابق آپریشن چوٹی زیریں کے قریب بستی دادوانی کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں ٗان کے سہولت کاروں اور خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا گیا‘ فائرنگ کے تبادلے میں 10خطرناک دہشتگرد مارے گئے جن میں انتہائی خطرناک دہشتگردمحمد اصغر داد وانی عرف استاد گورچانی اور محمد نعیم عرف وقاس داد وانی شامل ہیں‘آپریشن کے دور ان رینجرز کے تین اہلکار شہید ہوگئے جن میں حوالدار آصف ٗ سپاہی آفتاب اور سپاہی عزیز اللہ شامل ہیں‘ جبکہ دو جوان شدیدزخمیہوگئے جنہیں ہیلی کاپٹرکے ذریعے سی ایم ایچ ملتان منتقل کیا گیا تاہم ایک جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا‘ آخری اطلاعات تک علاقے میں آپریشن جاری تھا تاکہ سنگین جرائم ٗ اغواء اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث دہشتگردوں سے علاقے کو پاک کیا جاسکے ۔ دریں اثناءڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز کے 3اہلکارو ں کی نماز جنازہ ملتان میں ادا کردی گئی‘شہداء کی میتیں ان کےآبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں جہاں ان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا‘نماز جنازہ میں کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات کے علاوہ اعلٰی سول و فوجی حکام نے شرکت کی ‘شہداء کی میتوں کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔