قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ آج چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے بات کی ہے، پیر کو اسلام آباد میں ان کے گھر جاؤں گا، میری کوشش ہو گی کی انہیں منا کر خود ایوان لے کر جاؤں۔
اسپیکر اسمبلی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوری کوشش ہو گی کہ اس بات کی نوبت نہ آئے کہ رضا ربانی استعفیٰ دیں، چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ وزراء کی کمی ہے ،وہ سینیٹ میں نہیں آتے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی جاسوسوں کو کوئی رعایت نہیں دینی چاہیے، کلبھوشن کے معاملے پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بالآخر بھارت نے مان ہی لیا ہے کہ کلبھوشن اس کا ایجنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے لیے کسی اور کے نام پر کوئی غور نہیں کیا گیا، پاناما کا فیصلہ قوم کے سامنے آئے گا اور نواز شریف ہی وزیر اعظم رہیں گے۔
سردارایاز صادق کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ مکمل ہونے سے مزید بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔