• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار پر مولانا عبدالعزیز کیخلاف کارروائی کیلئے دبائو بڑھ رہا ہے

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کے ستارے گردش میں لگ رہے ہیں، ایک طرف چوہدری نثار پر لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز کے خلاف کارروائی کیلئے دبائو بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ مطالبہ کررہے ہیں کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، سینیٹر فرحت اللہ بابر نے مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمات کے ثبوت سینیٹ میں پیش کیے جس کے بعد سینیٹرز نے چوہدری نثار پر سخت تنقید کی کہ وزیر داخلہ نے مولانا عبدالعزیز کے حوالے سے ایوان کو گمراہ کیا ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی حملے کی سب نے مذمت کی لیکن چوہدری نثار کچھ نہیں بولے، وزیر داخلہ کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ چارسدہ حملے کے حوالے سے تجزیہ میں شاہزیب خانزادہ نے آرمی چیف کے افغان قیادت کے ساتھ رابطوں کے بعد افغانستان میں چند امن دشمن عناصر سرگرم ہوگئے ہیں، افغان حکومت کے چند حلقے اب بھی اس بات کا اعتراف نہیں کررہے کہ چارسدہ حملہ افغان سرزمین سے ہوا، افغان حکومت کے باچاخان یونیورسٹی حملے میں افغان سرزمین استعمال نہ ہونے کے بیان کے بعد افغانستان میں روپوش دہشتگرد عمرمنصور نے ایک بیان میں پاکستان کے تعلیمی ادار و ں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ حکومت سندھ کے بارے میں تجزیہ میں شاہزیب خانز ا د ہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ایوان کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہی ہے ،سندھ حکومت کے محکمے اسمبلی میں اپنی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوا لا ت کا جواب ہی نہیں دیتے ہیں، پچھلے ڈھائی سال میں سندھ کے 53 میں سے 26محکموں نے اسمبلی میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب بھی نہیں دیا ، محکمہ داخلہ سندھ نے 288سوالات میں سے صرف 33 ، محکمہ تعلیم نے 166میں سے 37 اور محکمہ بلدیات نے 153 میں سے صرف پانچ سوالات کا جواب دیا۔ شاہز یب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ کم عمری میں شادی کے قانون میں تبدیلی کا بل مذہبی بنیادوں پر تنازع کا شکار ہورہا ہے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹ کی بنیاد پر کم عمری میں شادی کے قانون میں تبدیلی کا بل مسترد کر کے اسے غیراسلامی قرار دے چکی ہے، اس بل میں لڑکی کی شادی کی کم سے کم عمر 16سے 18سال مقرر کرنے کی تجویز دی گئی تھی، کمر عمری میں شادی کے قانون میں تبدیلی کی مخالفت کرنے والوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کمر عمر ماں صرف طبی ہی نہیں معاشرتی، سماجی اور نفسیاتی مسائل کی وجہ بھی بنتی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے تجزیے میں شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف گرین شرٹس کی فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں بڑے مارجن سے شکست نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔پروگرام میں فرحت اللہ بابر ،آغا سراج درانی ،مولانا طاہر اشرفی، فوزیہ سعیداور سکندر بخت نے بھی اظہار خیال کیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وزیر داخلہ نے مولانا عبدالعزیز کے حوالے سے پارلیمنٹ کو گمراہ کیا ہے، مولانا عبدالعزیز کیخلاف مقدمات کے واضح شواہد موجود ہیں، ریاست پاکستان خود اکتوبر 2014ء میں ایس ایچ او آبپارہ کی مدعیت میں مولانا عبدالعزیز کیخلاف مقدمہ درج کروا چکی ہے، چوہدری نثار کو اگر اس مقدمہ کا علم ہی نہیں تھا تو انہوں نے پارلیمنٹ میں غیر ذمہ دارانہ بیان کیوں دیا، لگتا ہے وزارت داخلہ کے معتبر لوگ مولانا عبدالعزیز سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے اگر سینیٹ میں پیش کردہ دستاویز کو نہیں مانا تو پھر میں ایوان میں کچھ مطالبات کروں گا، وزارت داخلہ نے اگر جواب نہیں دیا تو ہم معاملہ آگے بڑھائیں گے۔سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ افغانستان کے کئی صوبوں میں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں ہے، ملا فضل اللہ اور عمر منصور افغانستان کے ان علاقوں میں ہیں جہاں افغان حکومت کی رِٹ موجود نہیں ہے، عمر منصور نے افغانستان کی سم استعمال کرتے ہوئے عالمی ذرائع ابلاغ کو فون کیے ہیں، افغانستان میں طالبان کی کارروائیاں بڑھی تو پاک افغان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ صوبائی محکموں کو سندھ اسمبلی میں سوالات کے جواب دینے کیلئے کہا ہے، اگر صوبائی محکموں نے آئندہ جواب نہیں دیئے تو ایکشن لیا جائے گا، اسمبلی میں صوبائی سیکرٹریز کی حاضری بھی بہت کم ہوتی ہے ،اسمبلی میں پوچھے گئے بعض سوالات کے جواب دو سال بعد دیئے جاتے ہیں، اسمبلی میں جس سیاسی جماعت کی اکثریت ہوگی وہی بل پاس کروائے گی۔رکن اسلامی نظریاتی کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ کم عمری کی شادی پر میری رائے اسلامی نظریاتی کونسل سے مختلف ہے، میں بچیوں کی 9سال کی عمر میں شادی کرنے کے خلاف ہوں تو 18سال سے پہلے شادی نہ کرنے کی پابندی کے بھی خلاف ہوں، ہمیں دونوں انتہائوں کو رد کر کے درمیان کا راستہ مقرر کرنا چاہئے، کم عمری کی شادی کے معاملہ پر بحث کرنا توہین رسالت نہیں ہے، قرآن کریم نے لڑکی کی شادی کیلئے اس کا بالغ اور عقلمند ہونا متعین کردیا ہے، لڑکی کی شادی کو عمر کے بجائے تعلیم سے مشروط کردیا جائے۔سماجی کارکن فوزیہ سعید نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے ہر چند مہینے بعد کوئی نیا شوشہ چھوڑ دیتی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل سے مثبت خبر کم ہی آتی ہے، اسلام جتنا آسان مذہب ہے ہم اس کے ساتھ کیا کیا کھیل نہیں کھیلتے ہیں، لڑکیوں کی شادی کی عمر اٹھارہ سال رکھنی چاہئے، شادی کی عمر کے تعین کا تعلق سٹیزن شپ سے جڑا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست متوقع تھی، ون ڈے سیریز میں بھی اسی قسم کے نتائج سامنے آئیں گے، سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جیت غیرمتوقع تھی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاکستان اپنے ماحول میں کھیلے گا جہاں ہماری کارکردگی بہتر ہوگی، آئندہ میچز میں فتح کیلئے ٹیم کی سلیکشن بہت اہم ہوگی، محمد عرفان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے زبردستی ڈراپ کیا گیا، صرف دوستی کی بنیاد پر کسی کو ٹیم میں نہیں کھلایا جاسکتا ہے، احمد شہزاد اگر ساتھ برگر کھاتا ہے تو اسے ٹیم میں شامل کرلیا گیا، صہیب مقصود کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، اگر سلیکشن کا معیار یہی رکھا گیا تو آئندہ بھی جیت کے امکانات نہیں ہوں گے، ہمیں ون ڈے میچز کیلئے پچاس اوور کھیلنے والے کھلاڑی چاہئیں، ون ڈے ٹیم میں اسد شفیق کو اوپر کے نمبروں پر کھلانا چاہئے۔
تازہ ترین