...عدنان ملک ....
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو منانے پر وزیراعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مبارک باد کے مستحق ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مغل پورہ میں لیگی کارکنوں کی تقریب میں شرکت کی،ان کا کہناتھاکہ ڈیموں میں پانی ہوتا تو آج لوڈ شیڈنگ کی یہ صورت حال نہ ہوتی، 2013 سے لوڈ شیڈنگ کا موازنہ کریں تو حالات میں 200 فیصد بہتری آئی ہے، تمام چیزیں انسان کے بس میں نہیں ہوتیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ سال بھی گرمی تھی لیکن اس طرح کی لوڈ شیڈنگ نہیں تھی اس مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایاز صادق نے مزیدکہا کہ تمام ممالک سی پیک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، پچھلے دور میں صرف امریکی ایڈ آئی، امید ہے کہ آنے والے سالوں میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو ملک کے کسی بھی صوبے میں سیاست کرنے کا حق حاصل ہے، ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہی ملیں گے۔
اسپیکر کی آمد سے قبل تقریب میں پروٹو کول کے تنازع پر لیگی گروپوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی اور نوبت گھونسوں اور لاتوں تک جا پہنچی، ایاز صادق نے دونوں گروپوں میں صلح کرا دی۔