• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر قتل کیس ، پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کے ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ ملزم کو حراست میں لیکر 22اپریل کو پیش کیا جائے، پانچوں گرفتار ملزمان سمیت ساتوں ملزم بھی اسی روز ہی اپنا بیان قلمبند کروائیں گے، عدالت نے استغاثہ کی درخواست پر پرویز مشرف کو اپنا بیان قلمبند کروانے کیلئے  طلب کر رکھا تھا تاہم گزشتہ روز جب مقدمہ کی سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے عدالت میں درخواست دی کہ بوجہ علالت پرویز مشرف کو ان کے معالج نے سفر سے منع کر رکھا ہے لہذا اگست تک سماعت ملتوی کر دی جائے جب بھی وہ صحت یاب ہوکر سفر کے قابل ہوئے تو پاکستان آکر ضرور عدالت میں پیش ہوجائیں گے ،وکیل صفائی نے یہ استدعا بھی کہ جب بھی وہ آئیں تو انہیں وی وی آئی پی اور فول پروف سکیورٹی جائے، اس موقع پر ایف آئی اے کے سینئر پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کا کہنا تھا کہ آپ ملزم کے پاکستان آنے بارے حتمی تاریخ، جہاز کے ٹکٹ کی کاپی اور وقت بتا دیں تو عدالت انہیں وی وی آئی پی سیکیورٹی کا حکم جاری کر دے گی لیکن جواب میں وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ میں تاریخ اور وقت نہیں بتا سکتا، بعدازاں عدالت نے فریقین کے وکلا کی بحث سننے کے بعد درخواست خارج کرتے ہوئے سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا، 27دسمبر 2007کو راولپنڈی کے تھانہ سٹی میں درج ہونے والے 9برس سے زائد پرانے اس کیس میں قانون نافد کرنے والے اداروں نے شیر زمان، اعتزاز شاہ، رشید احمد، حسنین گل اور رفاقت حسین کو گرفتار کر رکھا ہے جبکہ سابق سی پی او راولپنڈی سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد ضمانت پر ہیں۔
تازہ ترین