اسلام آباد (طاہر خلیل) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے وقار اور جمہوریت کی مضبوطی پر توجہ دی جائے۔ وہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے نئے منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ سپیکر نے اپنے خطاب میں کہاکہ قومی اسمبلی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے پرکام ہو رہا ہے‘ پارلیمنٹیرینز کی طرز پر پارلیمانی رپورٹرز کی تربیت کی جائے گی تاکہ جدت پسندی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں۔پی آر اے کے نئے صدر قربان بلوچ‘ سیکرٹری جنرل بہزاد سلیمی اور ارشد وحید چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ پرنسپل انفارمیشن افسر رائو تحسین‘ پارلیمنٹ کے سینئر حکام اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ دریں اثناء تقریب میں سپیکر سردار ایازصادق نے سی ڈی اے پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی سے مذاکرات کرنا آسان ہے لیکن سی ڈی اے سے بات چیت نہایت مشکل کام۔ ان کی رگوں میں ایسا خون ہے کہ پیار محبت کی زبان انہیں سمجھ نہیں آتی۔ سپیکر نے کہاکہ پارلیمنٹ گیٹ پر میڈیا ڈائس کی تعمیر کا کام پہلے مکمل ہونا چاہئے تھا جو اب تک نہیں ہوسکا۔