اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے 9سوالوں کے تحریری جوابات نہ آنے اور 3وزراء کی سوالات ایجنڈے پر ہونے کے باوجود ایوان میں عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ جمعہ والا عمل (بطور چیئرمین سینیٹ کام کرنا چھوڑ دوں)کو دوبارہ دہرائوں، وزیراعظم نے گزشتہ روزجو خط لکھا ہے اس میں وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ پارلیمانی بزنس کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ایسے ارکان کے بارے میں بھی میکنزم تیار کرنے کا عندیہ دیدیا جو ایجنڈے پر سوال ہونے کے باوجود اجلاس میں نہیں آتے،جن سوالوں کے تحریری جواب نہیں آئے ان میں زیادہ تر وزارت داخلہ سے متعلق تھے جبکہ وزارت دفاع جن میں میجر جنرل اور اس سے اوپر کے افسران کی پنشن اور مراعات سے متعلق سوال سمیت بعض دیگر سوالات بھی شامل تھے جس پر چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔