اسلام آباد(طاہر خلیل) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واضح کیا ہےکہ اگر سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیاتو وفاقی حکومت متبادل آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کرے گی،سندھ حکومت رینجرز کو سیکورٹی گارڈز تورکھنا چاہتی ہےمگر عوامی تحفظ کیلئے اختیارات دینے کوتیار نہیں، چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ رینجرز کی کارکردگی اور انکی قربانیوں کو ہر تین مہینے بعد غیر ضروری طور پر متنازع بنا دیا جاتا ہے۔رینجرز کراچی کے اندر اپنی ذمہ داریاں تبھی پوری کر سکتے ہیں جب انہیں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت اختیارات دینے میں لیت و لعل سے کام نہ لیا جائے۔ حکومت سندھ کا انہیں محدود اختیارات دینے کا عندیہ خلاف قانون اور خلاف ضابطہ ہے کیونکہ کسی بھی قانون کو انتظامی آرڈر کے ذریعے محدود نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات بھی مضحکہ خیز ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت رینجرز کو اپنے گارڈز کے طور پر تو استعمال کرنا چاہتی ہے مگر کراچی کے عوام کے تحفظ کے لئے متعلقہ قانون کے تحت انہیں اختیارات دینے کے لئے تیار نہیں۔