شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )نواحی گاؤں پنڈی ماچھیاں کے بنیادی مرکز صحت میں لیڈی ڈاکٹر اور چوکیدار کے درمیان جھگڑا ہوپڑا جس میں چوکیدار نے لیڈی ڈاکٹر کو حراساں کرنے کی بھی کوشش کی جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ایچ اے شیخوپورہ نے چوکیدار مبشر نوری کو پیڈا ایکٹ کے تحت شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اوراس کی انکوائری کیلئے ڈپٹی ڈی ایچ او کو انکوائری آفیسر نامزد کیا ہے۔دریں اثناء چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت نے مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس کے ڈاکٹر محبو ب احمد اور ڈاکٹر محمد علی کی بھی جواب طلبی کرلی ہے یہ جواب طلبی گزشتہ رات کمپلیکس میں پیش آنیوالے واقعہ کی بنیاد پر کی گئی ہے جس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کمپلیکس میں مریضوں کی آمد پر کوئی ڈاکٹر موجود نہ تھاجس کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا دونوں ڈاکٹروں نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے ۔