• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف آف دی نیول اسٹاف ہاکی، پاکستان کسٹمز کی پہلی کامیابی، پورٹ قاسم کو شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلی چیف آ ف دی نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کے فیصلے ہو گئے ہیں۔ ہاکی کلب آف پاکستان میں ہفتے کو کھیلے گئے پہلے میچ میں کسٹمز نے پورٹ قاسم کو ایک کے مقابلے میں چار گول، سوئی گیس نے پاکستان ائیر فورس کو چار گول جبکہ آرمی اور نیشنل بینک کے درمیان تیسرا میچ تین ،تین گول سے برابر رہا۔ پہلے میچ میں اپنی مہم کے پہلے معرکہ میں پاکستان نیوی سے ناکامی سے دوچار ہونے والی پاکستان کسٹمز کا پلڑا بھاری رہا اور مقابلے میں وہ مخالف ٹیم پورٹ قاسم اتھارٹی پر چھائے رہے۔ کسٹمز کو میچ کے تیسرے منٹ میں پہلی برتری متین نے پنالٹی کارنر پر دلائی۔ میچ کے 24ویں منٹ میں متین نے اپنا دوسرا گول بنا کر برتری میں مزید اضافہ کر دیا۔ اس کے بعد بھی کسٹمز نے جارحانہ کھیل برقرار رکھا اور کھیل کے 28ویں منٹ میں فیصل رشید نے گول بنا کر مخالف ٹیم کی مشکلات بڑھادی۔ پورٹ قاسم نے کم بیک کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جس کی وجہ سے واصف رضاپورٹ قاسم کے لئے 40ویں منٹ میں گول بنانے میں کامیاب ہو گئے لیکن اسکا خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا کیونکہ کسٹمز کے فیصل رشید نے اپنا دوسرا اور کسٹمز ٹیم کے لئے چوتھا گول بنا کر حریف ٹیم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔ دوسرے میچ میں سوئی گیس نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستان ائیر فورس کو شکست دی۔ پورے میچ میں سوئی گیس کے کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے پی اے ایف کے کھلاڑیوں کو سنبھلنے کو بلکل موقع نہیں دیا۔ سوئی گیس نے میچ کا مکمل کنٹرول آخری منٹ تک اپنے ہاتھ میں رکھا اور یکے بعد دیگرے مخالف گول پوسٹ پر حملے کئے۔ سوئی گیس کے لئے پہلا گول علی شان نے 17ویں منٹ میں بنایا، ایک منٹ بعد رضوان علی نے دوسرا گول کر دیا۔ اس کے بعد علی شان ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئے اور انہوں نے53 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پھینک کر اپنا دوسرا اور ٹیم کے لئے تیسرا گول بنایا۔ میچ کے 58 ویں منٹ میں حاصل ہونے والے پنالٹی کارنر کا بھی سوئی گیس کے عباس حیدر نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے اسکور میں مزید ایک گول کا اضافہ کر کے اسکور چار صفر کر دیا۔ تیسرا میچ انتہائی سخت ثابت ہوا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں این بی پی اور آرمی ہر شعبے میں ہم پلہ نظر آئی۔ میچ میں پہلی برتری نیشنل بینک نے دسویں منٹ میں عتیق کی پنالٹی کارنر پر کامیاب کاوش پر حاصل کی۔ اس کے بعد دونوں ہی ٹیمیوں کے کھلاڑی ایک ایک گول بناتے رہے۔ نیشنل بینک کے لئے عتیق ارشد نے دوسرا گول 46ویں منٹ اور توفیق ارشد نے53ویں منٹ میں بنایا۔آرمی کی جانب سے وسیم عباس، کاشف علی، جبکہ عبد الجبار نے گول بنایا۔ چیمپئن شپ کے فائنل میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاللہ مہمان خصوصی ہوں گے۔
تازہ ترین