شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )ڈی سی شیخوپورہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کے بلوں کی دوہری ادائیگیوں اور ٹینڈروں میں بڑے پیمانے پر گڑبڑ کے مبینہ الزامات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس بارے میں تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہے یہ ہدایت ایک تحریری درخواست پر جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ 2017ء سے پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام رائج ہوا ہے سابقہ بلدیاتی نظام کے تحت ٹی ایم اے شیخوپورہ نے 14 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کام کروائے تھے مگر نیا نظام رائج ہونے کے بعد محکمہ لوکل گورنمنٹ نے ان ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر دوبارہ لگا کر ان کے نام پر 14 کروڑ 25لاکھ روپے سرکاری خزانہ سے نکلوالیے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے بعض افسروں اور ہیڈ کلرک نے ملی بھگت سے جن ٹھیکیداروں کو یہ کام الاٹ کئے ان کو صرف 5 فیصد رقم دیکر ان کو چیک جاری کرکے رقم واپس لے لی دریں اثناء محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے ذرائع نے ان الزامات کو بالکل بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دوہری پیمنٹ کا الزام درست نہیں تمام ٹینڈر اوپن مقابلہ کی بنیاد پر کروائے گئے ہیں۔