سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے گزشتہ چار سال کے دوران پہلی مرتبہ اپنی پریس کانفرنس میں وزیراعظم میاں نواز شریف کو تو اور تجھے کہہ کر مخاطب کیا۔ خورشید احمد شاہ پریس کانفرنس کے دوران کافی جذباتی نظر آئے اور انہوں نے متعدد مرتبہ میاں نواز شریف کے لئے کہا کہ میں تجھے بتا رہا ہوں، اس طرح کے متعدد جملے سید خورشید احمد شاہ نے جذباتی انداز میں ادا کئے، جب ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ شاہ صاحب معاملات اتنے تلخ ہوگئے ہیں کہ آج آپ میاں نواز شریف کو تو اور تجھے کہہ کر مخاطب کررہے ہیں جس پر خورشید احمد شاہ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا اور آج بھی نواز شریف کی عزت کرتا ہوں، تنقید ہمارا حق ہے لیکن ہم سیاست میں اخلاق کا دامن نہیں چھوڑتے اور تمام ن لیگ کی قیادت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی ہمیشہ میں یہی کہتا ہوں کہ سیاست میں گالم گلوچ نہیں ہونی چاہیے اور ایک دوسرے پر بالکل تنقید کی جائے لیکن اخلاق کے دائرے میں رہ کر۔