• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کریگا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان نے کہا ہے کہ پیر کو شام گئے بھارتی ایمبیسی کی جانب سے ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت پاکستانی کھلاڑیوں کے پاسپورٹس طلب کئے لیکن کھلاڑی گھروں کو روانہ ہوگئے تھے اس لئے ہم نے چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی ہٹ دھرمی کو کھیلوں کے تمام بڑے فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے طاہر سلطان کا کہنا تھا کہ17 مارچ کو بھارتی ہائی کمیشن کو ویزے کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروائی تھی لیکن 24 اپریل پیر کی دوپہر ہمیں بھارتی ایمبسی سے ویزے نہ لگنے پر پاسپورٹس واپس کردیئے گئے جس پر ہم نے کھلاڑیوں کو پاسپورٹس دے کر گھر جانے کا کہہ دیا اور پھر بھارتی ایمبسی کی جانب سے اچانک شام کو فون کیا گیا کہ آپ پاسپورٹس بھیج دیں، آپ کی ٹیم کل منگل کو بھارت روانہ ہوجائے گی۔ چیمپئن شپ کا آغاز26 اپریل سے ہورہا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو 24 اپریل کی شام کو بھارت روانہ ہونا تھا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھارتی حکومت کی ویزے نہ دینے کی ہٹ دھرمی پر ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل شاہد علوی سارے معاملات کو دیکھ رہے ہیں اور وہ کھیل میں سیاست کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن، ایشین اسکواش فیڈریشن اور انٹرنیشنل اولمپکس ایسو سی ایشن سے باضابطہ رابطہ کرکے بھرپور احتجاج کریں گے۔ ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب نے شرکت کرنا تھی۔
تازہ ترین