• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس ختم نہیں ہوا،تحریک انصاف اب عوام کی عدالت میں جائے گی،اسد قیصر

مانچسٹر (غ۔ م۔ م ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاناما کیس ابھی ختم نہیں ہوا، عوام پرامن رہیں، کیس کے جلد مثبت نتائج قوم کے سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر پہنچنے پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ جو فیصلہ پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے بنچ کی طرف سے آیا ہے اس میں دو ججز نے واضح طور پر وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا ہے جو تحریک انصاف کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان میں پہلی بار وزیر اعظم کو جواب دینا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب عوام کی عدالت میں بھی جا رہی ہے اور وہاں سے بھی نواز شریف کے خلاف فیصلہ آئے گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم جلد ملک میں بڑے جلسے شروع کر رہے ہیں اور عوام کو موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف متحرک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ صرف کرپشن ہے، جب تک اوپر سے نیچے تک کرپشن ختم نہیں ہوگی پاکستان ترقی نہیں کرے گا اور نہ غریب عوام کو انصاف ملے گا۔ دریں اثناء اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے مانچسٹر میں معروف کاروباری شخصیت چوہدری عبدالرفیق کے صاحبزادوں کی شادی میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ضرور ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستان کے لئے فکر مند رہتے ہیں، وطن عزیز کی خوشحالی میں تارکین وطن کا بڑا حصہ ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالب علم مشال خان کا قتل لمحہ فکریہ ہے، اس طرح کے واقعات کو رونما ہونے سے روکنا ہوگا، قتل کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے لیکن ابھی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل میں ملوث افراد کو ضرور سزا دی جائے گی تاکہ اس طرح کے واقعات کا سدبدب کیا جاسکے۔ اس موقع پر سجاد کریم ایم ای پی، جی ایم پی اے کے چیئرمین محمد ہارون کھٹانہ، چوہدری مسرت علی، چوہدری غلام حیدر، پاکستان تحریک انصاف کے امجد خان، صاحبزادہ جہانگیر خان، اسلم بھٹہ، رانا ستار احمد، باسط خان، ناصر سلمان، منور خان نیازی، شہناز صدیقی، ڈاکٹر یونس پرواز، سالیسٹرز شعیب تاج، محمد نواز گوندل، سید سجاد حیدر کاظمی، عامر چشتی، راجہ وسیم نواز، راجہ رضا اللہ، چوہدری قربان خان، محمد اسحاق و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر حاجی عبدالرفیق چوہدری نے مہمانوں کی شرکت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، نئی نسل کو پاکستان کے بارے میں بتانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کمیونٹی کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین