کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کھلاڑیوں کی تذلیل اور آخری وقت میں ویزا جاری کرنے کی بھارتی ہائی کمیشن کی پیشکش کو پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ناقابل قبول قرار دیا، حکام نے عالمیاور ایشین اسکواش فیڈریشنز باضابطہ طور پر خطوط تحریر کے ایشین اسکواش چیمپئن کو ملتوی اور بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری طاہر سلطان نے جنگ کوبتایا کہ بھارتی حکومت کا رویہ ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے،چیمپئن شپ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے میں تاخیری حربے استعمال کرکے پاکستان کی بے عزتی کی ہے، ہم نے ورلڈ اسکواش اور ایشین اسکواش فیڈریشن کو خطوط ای میل کردیئے ہیں جن میں کہا گیا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک اس کھیل پر حکمرانی کی ہے، ہمارے ساتھ بھارت کا رویہ درست نہیں، ایشین چیمپئن شپ فوری ملتوی کی جائے اور اس کا وینیو بھی فوری بدلا جائے۔ ایشین اسکواش چیمپئن شپ 26 اپریل سے بھارت میں شروع ہورہی ہے جبکہ ایشین اسکواش فیڈریشن کا اجلاس منگل کو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا اور کھلاڑیوں ذہنی اذیت دی گئی۔ ہم ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے۔ طاہر سلطان نے مزید بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکواش مقابلوں کی تیاری کررہا ہے۔ اس سلسلے پی ایس بی اور اسپورٹس منسٹری سے بھرپور میٹنگ ہوئی جس میںغیرملکی کھلاڑیوں کی سیکورٹی اور دیگر امور پر بات ہوئی ہے۔