گجرات (نمائندہ جنگ) میونسپل کارپوریشن گجرات کے ملازمین نے 4 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا، میونسپل کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث میئر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کر رہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں 4 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، جس سے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، تنخواہوں کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہو چکا ہے، انتظامیہ کے مطابق اکاؤنٹس مسائل کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو رہی، مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔