اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس کی تاریخ سے بے خبر رکھنے کے لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قوم کو تاریخ سے الگ رکھا گیا اور ایک ایسی صورتحال پیدا کی گئی جہاں نوجوان نسل ریاست اور حکمران اشرافیہ سے اس ضمن میں سوال کرنے کے بھی اہل نہ ہوں۔جمعرات کو اسلام آباد پوسٹ گریجویٹ ماڈل کالج برائے طالبات ایف 7 ٹو (پوسٹ گریجویٹ کالج ) میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین سینٹ نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے فرمودات کو یاتو تبدیل کردیا گیا یا پھرانہیں مکمل طور پر غائب کر دیا گیا جس کے تحت انہوں نے ایک جمہوری اور فلاحی ریاست کا تصور دیا تھا اور آج یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل اپنی شناخت کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہے اور سمت کے تعین میں دشواری پیش آرہی ہے۔ ملک کو اس وقت دہشت گردی اور فرقہ واریت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اپنی تاریخ سے اپنے آپ کو منقطع کیا ہوا ہے اور شناخت کو کھو دیا ہے۔پاکستان کے مستقبل کی نوجوان قیادت ریاست کی اس ناانصافی کے سامنے کھڑی ہوگی اور آئین کا دفاع کرے گی۔