اسلام آباد (جنگ نیوز) بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں گردے کے مریضوں کا علاج دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ اس سے قبل گردے صاف کرنیوالی مشینیں خراب ہو جانے کی وجہ سے گردے کے مریضوں کا علاج رُکا ہوا تھا۔ بینظیر بھٹو ہسپتال نے راولپنڈی اسلام آباد کے مخیر حضرات اور اداروں سے گردوں کے علاج کی کئی ملین روپے مالیتی مشین عطیہ کرنے کو کہا تھا جس پر سردار گروپ نے راولپنڈی اور گردو نواح کے مریضوں کیلئے گردے صاف کرنیوالی جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل مشین جرمنی سے منگوا کر دی جس سے ہزاروں مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولت دوبارہ میسر آ گئی ہے۔ گروپ کی طرف سے کرنل مصباح الرحمٰن‘ راجہ عزیز‘ چوہدری عابد نے بینظیر بھٹو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد کو شاہ ادریس‘ شاہ ویر جعفر کی موجودگی میں پیش کی‘ جس کے ساتھ ہی ہسپتال میں گردے صاف کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈاکٹر ارشاد نے اس موقع پر سردار گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دیگر بڑے مخیر حضرات کو بھی نیک کام میں آگے بڑھنا چاہئے۔