راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک )لاہورہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شمس محمود مرزا نے وزیر اعظم نوازشریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار پیر شمرور رضوان نے عدالت میں مؤقف اختیارکیا کہ نوازشریف اور دیگر شخصیات منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں، ان تمام افراد کیخلاف 1996 سے ہائیکورٹ میں درخواست بھی زیرسماعت ہے، نوازشریف اور دیگر نے اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کو پلاٹ بانٹ کر انہیں خریدنے کی کوشش کی لہٰذاا تمام افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت کارروائی کا حکم دیا جائے جبکہ ان سب کو نااہل قرار دے کر انتخابات میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔ عدالت نے نوازشریف، شہبازشریف، چوہدری نثار، اسحق ڈار ، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو دوبارہ نوٹسز جاری کردیئے جبکہ تمام فریقین سے 10 مئی تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔