• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیخلاف تحریک اب گلیوں،چوراہوں تک لائینگے،سراج الحق

ملاکنڈ،بٹ خیلہ(نمائند گان جنگ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اب پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے2017کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا سال ہے اور جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف جاری تحریک و احتجاج کو عدالتوں کے بعد اب بازاروں شہروں اور گلی و چوراہوں تک لائے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات ہے تو خود مستعفی ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظفر پارک بٹ خیلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا جلسے سے صو بائی امیر مشتاق احمد خان سید بختیار معانی مولانا اسد اللہ مولانا طیب مفتی ارشاد امجد علی شاہ عبدالغفار جاسم ایڈووکیٹ اور انتخاب خان چمکنی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہسپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو مشکوک قرار دے کر مزید تلاشی اور انکوائری کیلئے ملک کے تمام اداروں نیب ایف آئی اے آئی ایس آئی کی ڈیوٹی لگا دی ہے ایسی صور تحال میں نوازشریف کیلئے وزیراعظم رہنے کا کیا اخلاقی جواز ہے اور قوم کے بچے بچے سمیت ہر فرد ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہا ہے اب اگر ان میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات ہے تو انہیں خود مستعفی ہوجا نا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ لیڈرشپ اور حکمرانوںکی وجہ سے ملک کے تمام بڑے ادارے واپڈا، پی ٹی سی ایل، اسٹیل مل اور ریلوے تباہ ہو چکے ہیں اس ظالم حکمران ٹولے کو حکومتی ایوانوں کی بجائے اڈیالہ جیل میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قوم کو کرپشن کے خلاف جاری تحریک کا اثر اور ڈر ہے کہ اب آصف زرداری بھی کرپٹ عناصر سے ملک وقوم کی لوٹی ہو ئی دولت باہر نکالنے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں غریب اورمالدارجبکہ سیاستدان اورمزدورکیلئے علٰیحدہ علٰیحدہ قانون ہے جس کا زندہ ثبوت 450ارب کی کرپشن میں ملوث ڈاکٹرعاصم کی ضمانت پررہائی جبکہ معمولی مقدمات میں ملوث غریب لوگ سالوں سال جیلوں میں سڑتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہدکااصل مقصداس دہرے بے انصافی اورامتیازی نظام کاخاتمہ کرکے اللہ کانظام لاناہے جس میں چیف جسٹس آف پاکستان کے ہاتھ میں قرآن مجیدہوگااورتمام فیصلے قرآن وسنت کے مطابق ہونگے۔
تازہ ترین