کوہاٹ(نمائندہ جنگ ) کوہاٹ گمبٹ کے علاقہ ڈھوک شیر زمان میں جنگی طیارے کی خرا بی ، ڈراپ ٹینک ویرا نے میںجا گرا۔واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ۔پولیس،ائیر فورس اور آرمی کی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فیول ٹینک قبضے میں لے لیا ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ائیر فورس کا جنگی طیارہ جے ایف 17تھنڈر جمعہ کی صبح دس بجے کے قریب معمول کی مشقی اڑان پر تھا کہ اس دوران طیارے میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی جسکے باعث طیارے کے عملے نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے طیارے میں نصب اضافی ڈراپ ٹینک کوہاٹ گمبٹ کے نواحی علاقہ ڈھوک شیر زمان کے ویران پہاڑی علاقے میں گرا دیا۔ڈراپ ٹینک گرنے کے واقعہ میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا جبکہ گرنے والا ڈراپ ٹینک بھی محفوظ رہا جسے موقع پر پہنچ کر ائیر فورس کی امدادی ٹیم نے تحویل میں لے لیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال خودپولیس ،ائیر فورس اور پاک فوج کے حکام کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقامی پولیس کوعلاقے میں مئوثر سیکیورٹی اور امدادی اقدامات کیلئے ہدایات جاری کیں ۔واقعہ کی اطلاع پر حفاظتی اقدامات کے تحت فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی تاہم بعد ازاں علاقے کو کلئیر کردیا گیا۔ذرائع کے بقول اضافی فیول سے بھرا ڈراپ ٹینک ایندھن کو پورا کرنے کیلئے طیارے میں نصب ہوتا ہے جو عام طور پر طیارے کو درپیش خطرات کے پیش نظر محفوظ مقام پر گرا یا جاتا ہے تاکہ طیارے کوبڑے حادثے سے بچایا جاسکے۔