• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سزا دی جائے،ایم کیو ایم لندن

  لندن( جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے ملک کی سکیورٹی فورس کوکراچی کے عوام کیخلاف استعمال کر کے جنگی جرائم ارتکاب کیا ہے،انہیں وزارت داخلہ کے منصب پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکرسخت سزا دی جائے۔ وہ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکرٹریٹ لندن میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ندیم نصرت نے مزید کہاکہ چوہدری نثار علی خان نے قائد تحریک کے خلاف بیہودہ زبان استعمال کرکے کروڑوں حق پرست عوام بالخصوص مہاجروں کی دل آزاری کی ہے، رابطہ کمیٹی اور حق پرست عوام چوہدری نثارکی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ انہوں نے ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے ساڑھے تین سال قبل رینجرز کو کراچی بھیجا تھا۔ مہاجروں کی بلاجوا ز گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، حراست کے دوران ان پر تشدد، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں میں چوہدری نثارعلی برابر کے ملوث  ہیں۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفی عزیز آبادی اور برطانیہ میں انسانی حقوق کے نمائندے عادل غفار ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
تازہ ترین