کراچی (اسٹاف رپورٹر) بائونس کلب نے نشتر کلب کو شکست دیکر زاہد شہاب باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر ٹورنامنٹ کا فائنل میں بائونس کلب نے نشتر کلب کو 47-41سے شکست دی۔ بائونس کلب کی جانب سے محسن علی 12،مہد طارق 10اور مزمل حسین نے 6جبکہ رنر اپ ٹیم نشتر کلب کی جانب سے طلحہ امجد 16،سیف اللہ نوشیروانی 13اور محمد شبر 9پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے۔ فائنل کے ریفریز کے فرائض غلام محمد، آصف محمود اور ممتاز احمد نے انجام دیئے جبکہ میچ آفیشل زاہد ملک، محمد جاوید اور نزاکت حسین تھے۔ تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر انجینئر محفوظ الحق نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں، ریفریز میں انفرادی انعامات اور کیش پرائز تقسیم کئے۔ اس موقع پر سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالناصر، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن ریفری بورڈ کے سیکرٹری یعقوب قادری، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد یعقوب، چیئرمین امجد علی خان، پروفیسر رائو جاوید اقبال اور رستم علی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔