اسلام آباد( نمائندہ جنگ) پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے سندھ کےضلع سانگھڑ میں گیس کا ایک ذخیرہ دریافت کیا ہے، دریافت گمبٹ سائوتھ بلاک کے کنوئیں ظفیر X-1 سے ہوئی ہے ،ترجمان کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) جوگمبٹ سائوتھ بلاک میں65فیصد کاروباری حصہ داری کے ساتھ بحیثیت آپریٹر اپنے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ جن کی ساجھے داری بالترتیب 25 اور 10فیصدہے نے ضلع سانگھڑ، صوبہء سند ھ میں دریافتی کنوئیںظفیرX-1 سے گیس کی ایک اور دریافت کا اعلان کیا ہے۔فیرX-1 کی کھدائی کا آغاز14 مارچ2017 کو ہوا جسے 14 اپریل 2017 تک3,928 میٹرکی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا۔کنوئیں سے گیس کے بہائو کی رفتار کا تعین کرنے کے لئے مختلف چوک سائزوں پر اس سے(گیس و کنڈنسیٹ) بہائو حاصل کیا جارہا ہے ۔ تاہم کنوئیں سے پیداوار کے حصول کی مجموعی صلاحیت کا تعین جانچ کے مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا، اس دریافت سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران کے تناظر میں تیل وگیس کی طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی کرنے میں مدد ملے گی۔