• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، کچے کےجنگلات میںا ٓپریشن، ڈاکوئوں کی پناہ گاہیں مسمار، مستقل پولیس چوکیاں قائم

سکھر (بیورو رپورٹ)  کچے کے جنگلات سمیت ضلع بھر میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی جانب سے آپریشن تیز کردیا گیا، کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو مسمار کر کے وہاں مستقل پولیس چوکیاں قائم کی جارہی ہیں، رواں سال جاری آپریشن کے دوران پولیس کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں، ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ کے مطابق ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلع بھر میں رواں سال کی جانے والی کارروائیوں میں 156سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ، جبکہ پولیس مقابلوں میں 7ڈاکو مارے گئے جبکہ 55ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیاہے، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کا مقصد کچے میں پولیس چوکیوں کو مستقل طور پر قائم کرنا ہے تاکہ کچے کے ان جنگلات کو ہمیشہ کے لئے ڈاکوؤں کی پناہ گاہ بننے سے روکا جا سکے، ڈاکوؤں کے خلاف کچے کے جنگلات میں جاری آپریشن میں پولیس جوان اور کمانڈوز کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق کچے کے جنگلات ہمیشہ سے ڈاکوؤں کی محفوظ پناہ گاہ رہے ہیں جہاں ڈاکوؤں نے متعدد پناہ گاہیں بنارکھی تھیں اور ڈاکو وارداتوں خاص طور پر اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے بعد کچے کے ان جنگلات میں روپوش ہوجاتے تھے جہاں پولیس کے لئے پہنچنا مشکل اور دشوار رہتا تھا، ان اہم معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے ٹھوس بنیادوں پر ڈاکوؤں کے کچے کے جنگلات سے مکمل خاتمے اور پناہ گاہیں مسمار کرنے کے حوالے سے جو حکمت عملی مرتب کی ہے اس کے تحت باگڑجی کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کی تمام کمین گاہوں کو مسمار کیا جارہا ہے اور وہاں مستقل سطح پر پولیس کی چوکیاں قائم کی جارہی ہیں، ان پولیس چوکیوں میں 24گھنٹے پولیس افسران اور جوان موجود رہیں گے، انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، قیام امن کی فضا کو بحال رکھنا اور عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کی آمد ورفت کو مکمل طور پر روکنے اور پناہ گاہوں کو ختم کرنے، وہاں مستقل پولیس چوکیاں قائم کرنے کے لئے پولیس نے جو آپریشن شروع کیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ،کچے کے جنگلات میں جب ڈاکوؤں کی کمین گاہیں مکمل طور پر ختم کر کے پولیس چوکیاں قائم کردی جائیں گی تو پھر ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر ضلع کے کسی بھی علاقے میں کچے کے جنگلات میں اپنی پناہ گاہ قائم نہیں کرسکیں گے اور مستقبل میں اس کے بہت زیادہ فائدے سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے یہ آپریشن ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گاکیونکہ پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان ومال کا تحفظ اور امن وامان کی فضا کو بحال رکھنا ہے۔
تازہ ترین