اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ فی الحال جاری نہیں کرسکتے،حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا،کرپشن کے جھوٹے نعرے لگا کر پاکستان کی ترقی کاراستہ نہیں روکا جاسکتا، وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والوں نے ا پنے دور حکومت میں عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا، صوبائی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے وزیر اعظم نے کے پی کے کو اپنی ترجیح بنایا، صحافیوں کے تحفظ ، فلاح و بہبود کے لئے بل کے مسودہ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے، منگل کے روز ایبٹ آباد پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔ ویج بورڈ ان کا بنیادی حق ہے جو جلد ان تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری قدروں کی فروغ اور جمہوری استحکام میں پریس کلبوں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پریس کلب کے لئے فنڈنگ بجٹ کا حصہ ہونا چاہیے،انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں بیشتر منصوبے وفاقی حکومت نے شروع کیے ہیں، بہت جلد ہزارہ ڈویژن کو صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے، قبل ازیں مریم اورنگزیب نے الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، بعدازاں حویلیاں پریس کلب کے وفد نے وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے ملاقات کی اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔