• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزیت پسند ذہنیت ’’میں نہ مانوں ‘‘ کی پالیسی پر کاربند ہے،رضا ربانی

اسلام آباد(طاہر خلیل) چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی  کاکہنا ہے کہ ’’میں نہ مانوں پالیسی‘‘ پر کار فرما مرکزیت پسند ذہنیت اسلام آباد کوہی مضبوط وفاق قرار دیتی ہے، صوبوں کو خودمختاری کے ثمرات صحیح معنوں تک منتقل نہیں ہوئے۔جو ادارے بنائے گئے انہیں مناسب طریقے سے استعمال نہیں کیا جارہا ،صوبے اوروفاق  متنازع معاملات مشترکہ مفادات کونسل میں زیر بحث لائیں۔میاں رضاربانی نے کہا کہ آئین میں صوبوں کو حقوق دیئے گئے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان کی پارلیمان اور بالخصوص سینیٹ آف پاکستان کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی برائے خواتین میں منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس سے خطاب میں کیا جس کا عنوان ’’پاکستان میں وفاقیت، مشکلات اور مستقبل ‘‘تھا۔رضاربانی نے کہا کہ وفاقیت کا مسئلہ یہی ہے کہ آئین ، وفاق ، صوبے اور اٹھارویں ترمیم اپنی جگہ موجود ہیں لیکن عمل درآمد نہیں ہورہا اور عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ مرکزیت پسند ذہنیت مضبوط اسلام آباد کو مضبوط وفاق کہتی ہے لیکن مضبوط صوبے ہی مضبوط وفاق کے ضامن ہیں۔
تازہ ترین