• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی پر غور کررہے ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)اطلاعات ونشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قلم کی طاقت سے جمہوریت کو تقویت ملتی ہے آمرانہ دورمیں بھی میڈیانے جمہوریت کیلئے مثالی کردارادا کیا ہے، راولپنڈی اسلام آبادیونین آف جرنلسٹس (دستور)کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب اورصحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے حقوق کے حصول کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورصحافیوں کی سکیورٹی،سیفٹی،ویلفیئر کے قانونی تحفظ کی ضرورت ہے۔ تقریب سے پی ایف یو جے اور راولپنڈی اسلام آباد پریس کلب کے سابق صدرسعودساحر،محمد نواز رضا اور آر آئی یو جے کے نو منتخب صدرمظہر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کودرپیش مسائل اور آٹھویں ویج بورڈکے قیام اورعملدرآمدپر زوردیا۔مریم اورنگزیب نےسینئرصحافیوں پر زوردیاکہ وہ صحافیوں میں گروپ بندی کے خاتمہ کیلئے کردار اداکریں۔وزیراعظم نواز شریف صحافیوں کوسازگارماحول کی فراہمی اورمعیارکی بہتری کیلئے تربیت کی فراہمی میں معاونت کی ہدایت کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں میڈیابلاروک ٹوک اظہاررائے کی آزادی سے لطف اندوز ہو رہاہے ، حکومت ذرائع ابلاغ کومحفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔آزادانہ اور شفاف انداز میں اپنا کرداراداکرنےکیلئے حکومت میڈیاکے ازخودریگولیٹری میکنزم کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اورریگولیٹری مداخلت کوکم سے کم کرنے کیلئے نمایاں کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہاحکومت صحافیوں کے تحفط اور فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی پر غور کررہی ہے۔ حکومت جلد اطلاعات تک رسائی کے بل کومزید بہتربناکراسکانفاذ کرے گی تاکہ گورننس کو بہتر بنانے میں مددمل سکے۔حکومت میڈیاورکرزکیلئے ویج بورڈایوارڈکی تشکیل کیلئے میڈیاکے منتخب نمائندوں کیساتھ مشاورت میں مصروف ہیں گوکہ میڈیا حکومت کیلئے نگران کے کردارکاحامل ہے،حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ ملک کے تمام اداروں کو آزادی اور حقوق سے لطف اندوز ہونے کیلئے برابر مواقع مہیا کرے تاہم اداروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔میڈیااور حکومت کا قومی کردار سازی میں لازمی کردار ہے۔ میں حکومت اور میڈیاکے درمیان خوشگوار تعلقات کی ذمہ دارہوں،صحافی برادری کویقین دلاتی ہوں کہ ان کے حقوق اورانہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ساز گار ماحول کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئےجائیں گے۔ادھرآئی این پی کے مطابق وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس میں گروپ بندی ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کی پیش کش کر دی ، انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی نواز رضا کو صحافی تنظیموں میں اختلافات ختم کرانے کیلئے متحرک ہونا چاہیے ۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں مصروفیت کی وجہ سے تقریب میں آنے میں تاخیر ہوئی ۔ گروپ بندی کی وجہ سے نہ آنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں یہ ممکن نہیں نواز رضا تقریب میں دعوت دیں اور میں شرکت کرنے میں لیت و لعل سے کام لوں ۔ ۔ مجھے نہیں معلوم کہ آر آئی یو جے کے گروپوں میں کیا اختلافات ہیں لیکن نواز رضا جیسے لیجنڈ صحافی کی موجودگی میں اس طرح کے اختلافات نہیں ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی میڈیا کمیٹی اور پریس کونسل آف پاکستان میں آر آئی یو جے (دستور) کی نامزدگی یقینی بنانے کیلئے نئے پی آئی او کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس طرح کے فورمز میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔
تازہ ترین