• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے حوالے سے قانون و ضوابط سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراء ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں، تحریک انصاف کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے ، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی جا کے کچھ بھی کر سکتے ہیں ، اونچی آواز میں کسی ادارے کو گالی دیکر اسے دبائو میں نہیں لایا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پی آئی ڈی میں پہلے بھی پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں خط کے ذریعے لکھ کر یہ بتا بھی دیا گیا تھا کہ کون یہاں پریس کانفرنس کر سکتا ہے اور پی آئی ڈی کے قانون و ضوابط کیا ہیں۔ پی ٹی آئی نے آج ہر جگہ یہ اعلان کیا کہ ہم پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے آ رہے ہیں اور تحریک انصاف کی طرف سے صرف 15منٹ پہلے کسی کے ہاتھ خط آیا اور پھر نعیم الحق صاحب پی آئی ڈی پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قوانین ہوتے ہیں انہیں ماننا لوگوں کا فرض ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر پہلے اجازت دی بھی گئی تھی تو انہوں نے اس کی خلاف ورزی کی اسی وجہ سے انہیں اب یہ اجازت نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی والے ایک جلوس کی شکل میں آ کر ادارے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں جو نامناسب ہے۔ مریم اور نگزیب کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ پی ٹی آئی والے تشریف لائیں گے تو میں انہیں اس بات کی اجازت دینے کا سوچوں گی کیونکہ مجھے ان کے ساتھ بیٹھنا ضروری ہوتا ہے اور اگر وہ میرے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔دریں اثنا فرانسیسی سفیر مارٹن ڈورانس نے وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے ملاقات کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آرٹ، کلچر، اطلاعات اور ورثے کے تحفظ کیلئے فرانس سے مزید تعاون چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرانس سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
تازہ ترین