• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن بارڈرپر افغان فورسز کی گولہ باری ،تلخیاں مزیدبڑھیں گی،آفتاب شیرپائو

پشاور(نیوزڈیسک )قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے پاک افغان بارڈر چمن کے قریب گولہ باری کی مزمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کی روک انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک میں پائی جانے والی تلخیاں مزیدبڑھیں گی جو کہ خطے کے مفاد میں نہیں۔ایک بیان میںانھوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ افغانستان سے بڑی امیدیں وابستہ کی گئی تھی کہ اب حالات معمول پر آجائیں گے اور دونوں ممالک میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو گا لیکن حالیہ جوواقعہ رونما ہوا ہے اس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور دونوں ممالک کے عوام میں پائی جانے والی مایوسیوں میں اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین