کراچی (اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نےمیڈیا سیل سے جاری اپنے بیان چمن میں مردم شماری ٹیم کی سیکورٹی پر تعینات افراد پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری خود مختاری کو آئے روز چیلنج کیا جا رہا ہےموجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات سنگین صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں،کسی بھی ملک کی سرحدی خلاف ورزی عالمی قوانین کے منافی اور سفارتی اصولوں کے برعکس ہے۔افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں الجھاؤ پیدا کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے تاکہ موقعہ پرست اور پاکستان دشمن قوتیں فائدہ حاصل کر سکیں،پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات باہمی تعاون اورباوقارگفت و شنید سے مشروط ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کاروباری تعلقات کو وسعت دینے کی بجائے قومی سلامتی کے امور کو مقدم رکھے،انہوں نے کہا کہ افغان حکومت سے اس واقعہ کا بھرپور احتجاج کیا جانا چاہیے،قیمتی جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، افغان حکومت کی طرف سے سیکورٹی کی مکمل یقین دہانی تک چمن بارڈر کو آمدورفت کیلئے بند رکھا جائے۔