• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی نظریاتی مضبوطی،متحرک فلم انڈسٹری ضروری ہے،مریم اورنگزیب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو نظریاتی محاذ کو مضبوط کرنے کے لئے ایک متحرک فلم انڈسٹری کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں عدم بردداشت اور انتہا پسندی کے رجحان کو تبدیل کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ ملک میں چار دہائیوں سےجاری شدت پسندی کا  رحجان ختم کرنے میں فلم انڈسٹری اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔پہلی دفعہ فلم سازی اور پروموشن کے لئے حکومتی سطح پر پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پرکراچیٍ لاہور اور اسلام آباد میں فلم براڈ کاسٹنگ پالیسی سے متعلق سیشنز منعقد کیے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو گورنر ہائوس میں فلم، پروڈکشن اور براڈ کاسٹنگ پالیسی 2017ء کے حوالے سے پہلے مشاورتی اجلاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ان قربانیوں کو متبادل بیانیہ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ عالمی طور پر ان قربانیوں کے پیش نظر دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر پیش کیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق وزارت اطلاعات پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انڈسٹری کے تمام افراد کو برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ انڈسٹری کو فروغ ملے۔ حکومت انڈسٹری پر اپنی پالیسی مسلط نہیں کرے گی بلکہ اس میں پرائیوٹ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل کی جائے گی اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے چین، ایران، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کی فلم انڈسٹری کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں فلم انڈسٹری کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے اور اس طرح وہ دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ پیش کر رہے ہیں۔وہ اپنی فلم کے ذریعے سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثے کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد ملک بھر خصوصاً کراچی میں سماجی و ثقافتی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے اور فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے بھی متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی پہلی فلم ، پروڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسی کی تشکیل میں مشاورت کے لئے منعقدہ 2 روزہ سیمینار کے افتتاحی اجلاس سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہاکہ ہمیں اس شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ثقافتی سرگرمیاں مزید بڑھانا ہونگی۔حکومت بھی ثقافتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعظم کی سربراہی میں پاکستان کی پہلی فلم، پروڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسی کی تشکیل کراچی میں ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلمیں نہ بننا اس کے شائقین کے لئے نا انصافی کے مترادف ہے ،حکومت فلم انڈسٹری کو فعال کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،اس ضمن میں آج گورنر ہاؤس میں پاکستان کی پہلی فلم ، پروڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسی کی تشکیل کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پرسینیٹر نہال ہاشمی ، فلم ،ٹی وی او اسٹیج سے تعلق رکھنے والے معروف فنکاروں، پروڈیوسرز، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجودتھے۔ 
تازہ ترین