لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدالتو ں نے وزیراعظم کا احتساب کیا تو قوم احسان مند ہوگی اور شاباش دے گی لیکن اگر کرپٹ ٹولہ احتساب سے بچ نکلا تو قوم اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے سومنات کو پاش پاش کرے گی ۔ کرپشن کا علاج صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ پولیو سے بچاؤ کی طرح حکمرانوں کو بھی کرپشن سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے چاہئیں ۔ لٹیروں کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں ، اڈیالہ جیل ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹانک میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے قوم کو اسلامی انقلاب کی منزل سے دور کیا۔ حکمران یہود ہنود اور مغرب سے دوستیاں پالتے رہے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود حکمران ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف پاکستا ن دشمن بھارتی وزیراعظم مودی کو آم بھیجتے ہیں جبکہ سید علی گیلانی سے سلام لینے کے بھی روادا ر نہیں ۔ حکمرانوں کا رویہ اپنے عوام سے ہمیشہ بیگانوں والا اور دشمن سے اپنوں والا ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے پسماندہ اضلاع اور فاٹا کے حقوق کی بات کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان اضلاع کے عوام جو ق درجوق جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اللہ سے بغاوت کا رویہ چھوڑدیں ، سو د اللہ اور رسول کے خلاف اعلان جنگ ہے اور وزیراعظم نے سود کے خلاف شریعت کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا اور سپریم کورٹ میں التواءکی رٹ دائر کرادی ۔ انہوں کہاکہ ہم ملک میں اللہ کی حاکمیت اور خلافت راشدہ ؓ کا نظام چاہتے ہیں جس میں عوام اور حکمران برابر ہوں اور عام آدمی کو بھی تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتیں مل سکیں۔