کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب بڑا مسئلہ دہشتگردی کا تھا، وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی خصوصی دلچسپی، افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کی کاوشوں سے جس پر موثر انداز میں قابو پالیا گیا ہے۔ ایک اور بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ کا ہے جس پر حکومت نے جنگی بنیادوں پر کام کیا بہت جلد ملک میں توانائی بحران پر بھی قابو پالیا جائے گا، فلمی صنعت کی ترقی کے لئے مجوزہ فلم پالیسی وفاقی سطح پر تیارکی جا رہی ہے اور اس پر عملدرآمد میں صوبوں کا بھی اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم نواز شریف فلم انڈسٹری کی بحالی چاہتے ہیں، فلمی صنعت کی ترقی کے لئے پروفیشنل اکیڈمیز بنائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنر ہاؤس میں مجوزہ فلم پالیسی 2017ء کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں کیا جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسے اور مخالفیں کی جلسیاں ہورہی ہیں ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری پالیسی 2017ء بنائی جا رہی ہے اس حوالے سے کراچی کے فنکاروں ، پروڈیوسروں، سینما مالکان اور دیگر سے دو روز تک طویل نشست ہوئی ہے۔ پالیسی کے تحت فلم بنانے کے خواہش مند افراد کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سینما انڈسٹری کا قیام اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کے حوالے سے چند نکات نوٹ کئے ہیں جن میں انڈسٹری کا سب سے بڑا مسئلہ فلم فائناسنگ کا ہے ان کو ایسا ماحول میسر کریں گے جس سے انہیں فلم بنانے میں مدد ملے ، کیمرے اور دیگر مشینری اگر وہ باہر سے منگوانا چاہیں تو حکومت ان کو اس کے لئے سہولتیں مہیا کریں، فنکاروں، پروڈیوسروں اور دیگرمتعلقہ افراد کی رہنمائی کے لئے پروفیشنل اکیڈمیز بنائی جائیں، ایسے طالب علم جو فلم بنانے میں دلچسپی لیتے ہیں ان کو پروموٹ کیا جائے۔ قبل ازیں وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کراچی کے فلم پروڈیوسرز، پروڈکشن ہاؤسزااورسینما مالکان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ فلم پالیسی بنائے جانے کا مقصد مقامی فلم سازوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر کے فلم کے ذریعے ملک کا مثبت امیج اور قومی ورثہ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مختلف ممالک کی فلم انڈسٹری کے حوالے سے پالیسی کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جنہوں نے مثبت تبدیلیوں کے ذریعے اپنی فلم انڈسٹری کو ترقی دی ہے جن میں چین، بنگلہ دیش اور ایران خصوصی طور پر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں این این آئی کے مطابق مریم اورنگزیب نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عوام کو بے وقوف بناتے پھر رہے ہیں، وہ جلسے نہیں بلکہ جلسیاں کر رہے ہیں، اگر انہیں سیاست سیکھنی ہے تو وہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے سیکھیں، ہماری حکومت کا ایجنڈا عوام کی خدمت اور ملکی مسائل کا حل ہے، آئندہ انتخابات میں وہی کامیاب ہو گا ، جس نے عوام کی خدمت کی ہو گی۔