خیرپور+گمبٹ(بیورو رپورٹ/نامہ نگار) خیرپور کے نواحی گاؤں دلو اجن پر پولیس فورس کا چھاپہ، سکھر کی مغوی خاتون دو معصوم بچوں سمیت بازیاب، پولیس نے 4 بوری بھنگ بھی بر آمد کرلی۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول بھٹی ولیج سے اسکول کے پنکھے موٹر اور دیگر سامان چوری تفصیلات کے مطابق خیرپور کی بھاری پولیس فورس نے نواحی گاؤں دلو اجن پر چھاپہ مار کر سکھر کے گھنٹہ گھر کے علاقے کی مغوی خاتون سمیرا ملک کو دو معصوم بچوں سمیت بازیاب کرا لیا۔ مسمات سمیرا ملک کو 7 سال قبل اغوا کر کے گوٹھ دلو اجن میں قید رکھا گیا تھا خاتون کے گوٹھ دلو اجن میں مولا بخش اجن کے گھر میں قید ہونے کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا اور مغوی خاتون کو دو بچوں سمیت بازیاب کرا لیا جبکہ چھاپے کے دوران پولیس نے گھر سے 4 بوری بھنگ بھی بر آمد کر لی۔ مسمات سمیرا ملک کے اغوا کے واقعے کے متعلق بتایا گیا ہے کہ مسمات سمیرا ملک کو 7سال قبل اغوا کرنے کے بعد مولا بخش اجن نے ان کے ساتھ نکاح کیا تھا۔ 7سال کے دوران مسمات سمیرا ملک کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوئی بعد ازاں ان کے شوہر کے ساتھ اختلافات ہوئے اور اس نے کسی طرح پولیس کے پاس گھر میں قید ہونے کی اطلاع پہنچائی جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر اس کو بازیاب کرایا۔ چھاپے کے دوران اس کا شوہر مولا بخش فرار ہو گیا۔ دریں اثناء نامعلوم چور گورنمنٹ پرائمری اسکول بھٹی ولیج کے تالے توڑ کر اسکول سے بجلی کے دو پنکھے پانی کی موٹر اور دیگر سامان چوری کر کے لے گئے ۔