کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے حساس ادارے کے تعاون سے بلوچستان میں کارروائی کرتے ہو ئے سابق صدر آصف علی زرداری کے 2قریبی ساتھیوں کو ان کے ڈرائیوروں اور محافظ کے ہمراہ بازیاب کروالیا۔تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی نے حساس ادارے کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے تربت (مند)میں کارروائی کرتے ہو ئےآصف علی زرداری کے انتہائی قریبی 2سا تھیو ں غلام قادر مری اور اشفاق لغاری کو باحفاظت بازیاب کروالیا ہے ،ایس ایس پی اے وی سی سی طارق دھاریجو نے بتایا کہ اغوا کاروں کی جانب سے تاوان کے لیے فون کیا گیا تھا جس کے بعد اغوا کاروں کی لوکیشن ٹریس کی گئی اور بلوچستان کی سکیورٹی فورس اور حساس اداروں کے ہمراہ مل کر کارروائی کرتے ہو ئے ان کو بازیاب کیا گیا ۔انہوں نےبتایا کہ دو اہم افراد کے ہمراہ ان کے 2ڈرائیور اور غلام قادر مری کے ایک محافظ کو بھی بازیاب کیا گیا ہے اور تمام افراد کو باحفاظت کراچی منتقل کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی میںکوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور مغویوں کے بیانات کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔ ٹنڈوغلام علی سے نامہ نگارکے مطابق آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری کے مبینہ اغواء ا اور ایک ماہ کے عرصے بعد انکی خیریت کیساتھ واپسی کی خوشی میں ٹنڈوغلام علی میں دھنی بخش مری کی رہائش گاہ پر مٹھائی تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔