سکھر (بیورو رپورٹ/چوہدری محمد ارشاد) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میری ہر ممکن کوشش ہے کہ سکھر میں کھیلوں کے ایسے جدید اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیڈیم تعمیر کرائے جائیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ دو ارب روپے کی لاگت سے کھیلوں کا انٹرنیشنل اسپورٹس کمپلیکس ، ہاکی ،فٹ بال کے اسٹیڈیم، اسکواش کورٹ سمیت سکھر، روہڑی ، صالح پٹ، پنو عاقل میں کھیلوں کے مختلف میدان تعمیر کرائے جارہے ہیں ، شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ کمپلیکس کا افتتاح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کیا تھا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت ختم کردی گئی ۔ اللہ کے فضل سے آج اسپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ سکھر سمیت بالائی سندھ میں تمام کھیلوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، کوشش ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح سکھر سمیت بالائی سندھ کے کھلاڑیوں کو بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے۔