کوئٹہ(صباح نیوز) چمن میں پاک افغان سرحد پر جھڑپ کے پانچویں روز بھی باب دوستی بند رہا۔ نیٹو کی سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل رہی۔ چمن میں 5مئی کو افغان فورسز کی جانب سے دراندازی اور مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ سے شروع ہونے والے جھڑپ کے 5 ویں روز بھی باب دوستی بند ہے جس سے تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوگئیں اور نیٹو کی سپلائی بھی معطل ہوگئی ۔ دوسری جانب چمن شہر میں حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بھی کھلنا شروع ہو گئے ، جھڑپ کے دوران کلی لقمان ، گل دار باغیچہ اور کلی جہانگیر کے رہائشیوں کے لیے عارضی قائم کی گئی خیمہ بستی میں بھی حکومت کی جانب سے پانی اور راشن سمیت تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔