بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی پی او آفس میں ضلع بہاول پور سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین سے امن وامان کے قیام کے حوالہ سے میٹنگ کی گئی جس میں ڈی پی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے لاء اینڈ آرڈرکے حوالہ سے جاری کردہ ہدایات اور قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہاہے، انہوں نے ممبران پارلیمینٹ کی جانب سے اجاگر کئے جانے والے مسائل کو سنتے ہوئے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی،میٹنگ میں رمضان المبارک کے حوالہ سے مساجد، امام بارگاہوں پر کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کے حوالہ سے بھی بات کی گئی،جس میں بتایا گیا کہ 15شعبان، شب برات کے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، شب برات کے پروگرام122مساجد و امام بارگاہوں میں منعقدہوں گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شب برآت کے موقع پر مساجد وامام بارگاہوں اور دیگر عبادتی پروگرام کے پرامن اختتام کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔بعد ازاں چیئر مین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد کی سربراہی میں ضلع بھر کی کارپوریشن کے چیئرمینز اور وائس چیئر مینز کے ساتھ میٹنگ کی ۔میٹنگ میں بیگم پروین مسعود ، صبیحہ نذیر، ملک خالد محمود وارن ، میاں شعیب اویسی ، فوزیہ ایوب قریشی ودیگرموجود تھے۔