جامشورو(نامہ نگار ) لاڑکانہ کے علاقے ر حمت پور پولیس نے جامشورو کے علاقے غریب آباد میں چھاپہ مار کارروائی کرکے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر کے مالک غلام رسول منگی اور اُسکے بھائی غلام عباس منگی کو حراست میں لے کر پولیس موبائل میں ڈال کر نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔ واقعہ کے خلاف غلام رسول منگی کی اہلیہ شہناز چنہ اور اسکی بہن مسمات سبحان خاتون نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لا ڑکانہ کی رحمت پور پولیس نے ہمارے گھر میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر میں توڑ پھوڑ کرکے خواتین اور بچوں پر تشدد کیا اور میرے شوہر غلام رسول منگی اور اُنکے بھائی غلام عباس منگی کو زود کوب کرتے ہوئے پولیس موبائل میں ڈالکر نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ۔انہوں نے کہاکہ اس تمام کارروائی کے پیچھے میرے والد عبدالحمید چنہ اور میرے بھائی احسان چنہ اور رشتہ دار شاہد چنہ کا ہاتھ ہے جنہوں نے میرے شوہر اور میرے دیور پر جھوٹا مقدمہ درج کرا یا ہے ۔ انہوں نے روتے ہوئے صحافیوں سے اپیل کی کہ اُنکی آواز بلاول بھٹواوراعلیٰ حکام تک پہنچائی جائے۔