نوابشاہ (بیورورپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر و سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاق سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔ سندھ میں پانی، گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی نوابشاہ ڈویژن کے زیراہتمام وفاق کی جانب سے سندھ میں پانی کی قلت، بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب اور نوابشاہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی شہید بینظیر آباد ڈویژن کی جانب سے پانی کی قلت اور بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف پیپلز پارٹی سندھ کے صدر و سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیر قیادت کپڑا مارکیٹ روڈ پر دھرنا دیا گیا جس میں وزیر قانون و ڈویژنل صدر ضیاء الحسن لنجار، سینئر نائب صددر راشد ربانی، صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سکیریٹری اطلاعات سندھ سینیٹر عاجز داھمراہ، ایم این اے شازیہ مری، ڈاکٹر نظیر شیخ، سانگھڑ، نوشیروفیروز اور شہید بینظیر آباد کے عہدیداروں ،اراکین اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔