لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں وفاق اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا ملازمین کیلئے نیوزپیپرز ایمپلائز ایکٹ کی طرز پر سروس اسٹرکچر متعارف کرایا جائے۔ قرارداد میں مختلف میڈیا گروپس کی جانب سے ملازمین کی برطرفی اور انہیں تاخیر سے تنخواہوں کی ادائیگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ قرارداد میں اس اقدام کو صحافیوں کےا ہل خانہ کے ساتھ نا انصافی اور صحافت کے پیشے کی توہین قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے نتیجے میں صحافت پنپ سکتی ہے اور نہ ہی انصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطرف شدہ ملازمین کو بحال کیا جائے اور زیر التوا تنخواہیں ادا کی جائیں۔